منگلورو 20؍دسمبر (ایس او نیوز) کووِڈ کی دوسری لہر شروع ہونے کے امکانات کے پیش نظر ضلع جنوبی کینرا میں اس پر قابو پانے کے لئے اقدامات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے منگلورو میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اکشئے شریدھر نے بتایا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر کیرالہ اور دیگر اضلاع کے سرحدی علاقوں سے کاروبار اور دوسرے مقاصد سے منگلوروآنے جانے والے افراد کے لئے کووِڈ ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تہواروں اور دوسری تقاریب کی وجہ سے شہر کے بازار، سڑکوں اور بندر علاقے میں کاروباری سرگرمیاں بہت زیادہ بڑھنے اور عوام کی بھیڑ زیادہ ہونے کی وجہ سے کووِڈ وبا میں اضافہ ہونے کا امکان ہے، اس لئے احتیاطی قدم کے طور پر یہاں کے کاروباریوں کوپرائمری ہیلتھ سینٹر میں جاکر اپنا کووڈ ٹیسٹ کروالینا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی بتایاکہ کووِڈ ویکسین جلد ہی دستیاب ہونے والا ہے اس لئے ویکسین لگوانے کا کام بھی ضرورت اور ویکسین کی دستیابی کو سامنے رکھتے ہوئےمنصوبہ بند طریقے سے انجام دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔